لاہور (نامہ نگار خصوصی) پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے این او سی جاری نہ ہونے کی وجہ سے ابھی لاہور کے چڑیا گھر میں ہاتھی نہیں لایا جاسکا۔ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے اس بارے میں چوبیس گھنٹوں میں وضاحت مانگ لی ہے پنجاب حکومت نے چڑیا گھر لاہور میں ہاتھی نہ لانے کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد کر دی ہے اور لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ ساؤتھ افریقہ سے ہاتھی درآمد کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے این او سی مانگا تھا لیکن ابھی یہ این او سی فراہم نہیں کیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے بیرون ملک سے ہاتھی لانے کیلئے این او سی جاری نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ دو سال سے تماشا لگا رکھا ہے ہاتھی کیو ں نہیں لایا جا رہا۔ فاضل جج نے حکم دیا کہ بتایا جائے کہ ہاتھی کو پاکستان لانے میں رکاوٹ کیا ہے ۔