لاہور،اسلام آباد،ریاض،دوحہ،قاہرہ،نئی دہلی، ڈھاکہ (نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان سے شوال کا چاند نظر نہیں آیاتھا، پشاور کی قاسم خان مسجد کے مفتی پوپلزئی نے رات گئے شوال کا چاند نظر آنے کی درجنوں شہادتیں موصول ہونے اور آج عید منانے کا اعلان کر دیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رات گئے خیبر پختونخوا زونل کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں پر مشاورت کی، موصول شہادتوں کی تصدیق کرنے کے بعدچیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ساڑھے گیارہ بجے میڈیا کے سامنے آ کر شوال کا چاند نظر آنے اور آج عیدالفطر منانے کااعلان کیا۔شوال کا چانددیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں 5 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، اسکے علاوہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے ۔اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ پورے ملک میں ہماری زونل کمیٹیاں بیٹھی اورچاند کی رویت کے حوالے سے اجلاس کیا،چمن، پشاور اور مختلف مقامات سے شہادتیں موصول ہوئیں جن کا مکمل جائزہ لینے اور مشاور ت کے بعد چاند کے نظر آنے کا اعلان کیا، آزاد کشمیر سے بھی شہادتیں موصول ہوئیں، آج اللہ تعالی نے ایک بار پھر قوم کو ایک ہی عید منانے کیلئے یکجا کیا ہے ۔ دریں اثنا سعودی عرب، متحدہ امارات ،قطر،اردن سمیت تمام عرب ممالک میں بھی آج عید الفطر مذہبی جوش خروش سے منائی جائے گی، ملائشیا، انڈونیشیا، تیونس،مصر اور دیگر مسلم ممالک میں بھی آج نماز عید کے اجتماعات ہوں گے ۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کاچاندنظرنہیں آیا، عید کل جمعہ کو ہوگی ،بھارت اور بنگلہ دیش کی مرکزی رویت ہلال کمیٹیوں نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔