اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے ٹاک شو میں جوتا لانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بوٹ کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہیے ۔ایک انٹرویو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا جوبوٹ ٹیبل پررکھا ہوا تھا وہ بوٹ سیاچن، ورکنگ باؤنڈری اورایل او سی پرہے ، اس بوٹ کوسیاست دزہ نہیں کرنا چاہیے ، یہ پی ٹی آئی کی پالیسی اورمنشورکا پہلاجزوہے ۔ ہمیں اداروں کوسیاست سے پاک کرنا ہے ، اپنے سیاسی بیانیے میں قومی اداروں اورخصوصاً افواج پاکستان کو نہیں گھسیٹنا چاہیے ۔ کسی کویہ حق نہیں دینا چاہتے وہ جماعت کے اندرہویا باہروہ افواج پاکستان کوسیاست زدہ کرے ، کسی کوحق نہیں سیاسی اکھاڑے میں اس بوٹ کو لے آئے جوبوٹ دفاعی حصار ہے اور محاذ پر ہے ، کوئی بھی اس کی حوصلہ افزائی نہیں کرسکتا۔ فیصل واوڈا سمجھتے ہیں سوشل میڈیا پرووٹ کوعزت دوکوبوٹ کوعزت دو کے بیانیے سے جوڑا جارہا ہے ، سوشل میڈیا کے اس بیانیے کوقومی بیانیے سے اس اندازسے نہیں جوڑا جاسکتا، وفاقی وزیرکو کسی ایسے عمل میں شامل نہیں ہونا چاہیے جوسوشل میڈیا کی مہم ہو۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفباری سے حادثات میں ہونے والی اموات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں برفانی تودہ گرنے کے بعد کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری امدادی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت زخمیوں کے بھرپور علاج معالجے کیلئے ہدایات دی ہیں۔