اسلام آباد(صباح نیوز)چین،افغانستان اور پاکستان کے درمیان عملی تعاون کے بارے میں مذاکرات کاپانچواں دور اسلام آباد میں ہوا جس میں تینوں فریقوں نے افغان قیادت میں افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کیلئے اپنی حمایت کااعادہ کیا۔مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت زاہد حفیظ چوہدری جبکہ افغانستان اور چین کے وفود کی سربراہی بالترتیب ڈائریکٹرجنرل فرسٹ پولیٹیکل ڈویژن موسی عارفی اور ڈائریکٹر جنرل ایشیا ڈیپارٹمنٹ جیانگ ہائونے کی۔مذاکرات کے اس دور میں تینوں ممالک نے تعلیم، صحت، کھیلوں ،ثقافت اوراستعداد کار کے شعبوں میں مختلف منصوبوں پر عملدرآمد پرغور کیا۔فریقین کاکہنا تھا کہ پائیدارامن، ترقی او رخوشحالی کے باہمی اہداف کے حصول کیلئے عملی تعاون مزید مستحکم کیاجائے گا۔تینوں ملکوں کاموقف تھاکہ تنازعہ افغانستان کا سیاسی تصفیہ افغانوں کی قیادت میں امن عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔افغانستان اورچین نے امن عمل میں پاکستان کے سہولت کار کے کردار اور مسلسل تعاون کی تعریف کی جس کامقصد افغانستان میں پائیدارامن واستحکام کاقیام ہے ۔