کراچی،لاہور،کوئٹہ (92 نیوزرپورٹ، این این آئی، سٹاف رپورٹر ) چیئرمین نیب نے مزار قائد کے اطراف چائنہ کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب کراچی کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ترجمان نیب کے مطابق تحقیقات میں مزار قائد مینجمنٹ سوسائٹی کا کردار بھی دیکھا جائے گا، مزار قائد مینجمنٹ سوسائٹی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو آگاہ نہیں کیا، ایس بی سی اے کے متعلقہ افسران کی جانب سے کیا کارروائی کی گئی دیکھا جائے گا۔دریں اثنا این این آئی کے مطابق نیب نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کردیا، قومی احتساب بیوورو ملتان نے بہاولپور کے صحرائے چولستان میں 14 ہزار 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں پر سابق وزیر اعلی ٰپنجاب شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن اور دیگر درجنوں افراد کے خلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے چولستان ترقیاتی ادارے سے زمینوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔سابق وزیر اعلی پنجاب نے مئی 2012 میں لال سوہانرا نیشنل پارک کے 238 متاثرین کو زمین الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔دریں اثنا 92 نیوزرپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بانی پاکستان کے مزار کے گرد چائنہ کٹنگ کا نوٹس لے کر ڈی جی نیب کراچی کو تحقیقات کا حکم دے دیا،نیب اعلامیہ کے مطابق مزار قائد کے اردگرد چائنا کٹنگ خصوصا کاسمو پولیٹن سوسائٹی سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزری کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات کرنے کی شکایت پر نوٹس لیا گیا۔کوئٹہ سے سٹاف رپورٹر کے مطابق نیب بلوچستان نے انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں تقریبا دو ارب روپے کرپشن کی تحقیقات مکمل کر کے جعلی کمپنی کے مالکان، پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت 10افراد کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائرکر دیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق کمپنی مالکان نے جعلی تصدیقی سرٹیفکیٹ جمع کراکر دھوکا دیا اور مبینہ طور پر سرکاری عملے کی ملی بھگت سے سرکاری ٹھیکے حاصل کئے ۔