اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چینی بحران یا قیمتوں میں اضافہ بھی پراپیگنڈے کے علاوہ کچھ نہیں، اگر کسی کے پاس بحران پیداکرنے کے ذمہ داروں کے حوالے سے شواہد ہیں تو بتائیں، حکومت ضرور کارروائی کریگی ،پارلیمانی پارٹی کا چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر اتفاق رائے جمہوریت کی اہم کامیابی ہے ،مفاہمتی عمل اسی طرح آگے بڑھتا رہے گا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ہی پنجاب ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا ،رانا ثنائاللہ کے ارمان ہمیشہ کی طرح ان کے سینے میں دفن ہوں گے ،پرویز الہی ہمارے اتحادی تھے اور رہیں گے ، پنجاب میں آٹے یا گندم کا کوئی بحران نہیں ہے ،میڈیا تصویر کے دونوں رخ دکھائے ۔وہ منگل کو پی آئی ڈی میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈزبیر گیلانی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہی تھیں۔فردوس عاشق نے کہا افراط رز کے ساتھ جڑا عمل درآمد صوبائی معاملہ ہے ،وفاق ایڈوائس تو کر سکتا ہے لیکن زبردستی عمل نہیں کراسکتا ، وزیراعظم عمران خان کی مافیا ،گرانفروشوں اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف جنگ آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ،اس حوالے سے ہر چیزکو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میڈیا پر بحرانی کیفیت کی جو تصویر دکھائی جارہی ہے ، ایسی صورتحال ہر گز نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پنجاب کے عوام اور اتحادی جماعتیں کسی کے ورغلانے میں نہیں آئیں گے ۔فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ملک میں زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے انقلابی قدم اٹھایا ہے ، کسانوں کو سستی کھاد کی فراہمی کے لئے حکومت نے کھاد کے کارخانوں کو گیس کی مد میں 400 روپے فی بوری ریلیف دیا ہے ۔