پشاور(92نیوز)پشاور قومی جرگہ نے مطالبات منظوری کے لئے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے ، پہلے مرحلے میں پورے پشاور میں سیاہ جھنڈے اور بینرز آویزاں کئے جا ئیں گے دوسرے مرحلے میں احتجاجی کیمپ لگائے جائینگے ، تیسرے مرحلے میں پورے پشاور میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جبکہ چوتھے مرحلے میں بی آر ٹی میں اربوں روپے کی کرپشن اور کمیشن حاصل کرنے پرسابق وزیراعلی پرویز خٹک اور دیگر ملوث افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ ان فیصلوں کا اعلان پشاور قومی جرگہ کے سیاسی و تاجر رہنماؤں خالد ایوب، ارباب خضرحیات، کاشف اعظم، آصف اقبال داؤدزئی، حاجی محمد افضل، مہر الہی، عالمگیر خلیل، مجیب الرحمان، حبیب اﷲ زاہد اور دیگر نے پشاور شعبہ بازار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رہنماؤں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاورکے عوام کے لئے درد سر بن چکی ہے اس پراجیکٹ نے پشاور کو شمالی اور جنوبی دو حصوں میں تقسیم کر دیا اور بجائے عوام کو سہولت دینے کے یہ منصوبہ بروقت مکمل نہ ہونے اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے تاجروں اور پشاور کے کاروبار کے لئے زہر قاتل ثابت ہوا ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ نیب چپ کا روزہ توڑ کر بی آر ٹی پراجیکٹ کی کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کر ے اور احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے ۔پشاور قومی جرگہ نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیاکہ وہ بی آرٹی پراجیکٹ میں دلچسپی لیں اور مداخلت کرتے ہوئے اس پراجیکٹ سے تباہ حال کاروبار ی طبقہ کے لئے دس سال تک ہر قسم کے ٹیکسز سے چھوٹ دینے کا اعلان کریں۔