قصور، حافظ آباد، چیچہ وطنی ( ڈسٹر کٹ رپورٹرز ، نمائندہ92 نیوز) قصور میں چلتی ٹرین سے گر کر نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ تیز رفتار گاڑیوں نے خاتون سمیت دو افراد کی جان لے لی ۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں 32 سالہ ہارون علی کراچی ایکسپریس پر لاہور آ رہا تھا کہ کوٹ رادھا کشن کے قریب اچانک چلتی ٹرین سے گر گیا جسکے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ، پولیس تھانہ ریلوے مصروف تفتیش ہے ۔ حافظ آباد میں پیرے دا کوٹ کا رہائشی اجمل اپنی معمر والدہ حمیدہ بی بی کو موٹرسائیکل پر لے جا رہا تھا کہ گھوڑا چوک کے قریب تیز رفتار ڈالے نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں حمیدہ بی بی جاں بحق اور اجمل شدید زخمی ہو گیا ۔ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔ اسی طرح چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 110/12-L کا رہائشی محمد جمیل موٹر سائیکل پر گائوں جا رہا تھا کہ چیچہ وطنی بائی پاس کے قریب تیز رفتار بس نے اسکو روند کر مار ڈالا، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہے ۔