سان تیاگو(این این آئی)لاطینی امر یکہ کے ملک چِلی میں حکومت نے کئی روز سے جاری مظاہروں کے بعد ملک کے غریب طبقے کیلئے معاشی اصلاحات کے پیکج کا اعلان کیا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دارلحکومت سانتیاگو میں صدارتی محل سے اپنے خطاب میں صدر سیباستیان پِنییرا نے پینشن بڑھانے ، دوائیوں کی قیمتیں کم کرنے اور امیر طبقے پر مزید ٹیکس لگانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عوام کے جائز مطالبات پورے کرنے کی کوشش ہیں۔ چلی میں گزشتہ پانچ روز کے پر تشدد مظاہروں اور ہنگاموں میں کم از کم پندرہ لوگ مارے جا چکے ہیں اور حکومت مخالف حلقوں نے عام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے ۔