لاہور،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے کورونا کے خلاف جنگ میں مدد پر چین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کورونا کے خلاف جنگ میں مسلسل مدد پر صدر شی جن پنگ اوروزیراعظم لی کی چیانگ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے حفاظتی وطبی ساز وسامان کی فراہمی نہایت اہم ہے ،چین کی جانب سے پی پی ای، ماسک ، طبی آلات اور سامان کی دوسری کھیپ کا پاکستان پہنچنا سچی دوستی کا ثبوت ہے ،چین کا یہ تعاون کورونا کے قلع قمع اور پاکستانیوں کی جان بچانے میں کلیدی کردار کا حامل ہے ۔تاجر اور کاروباری برادری کے اجلاس سے وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایک طرف کورونا قوم کی جان لے رہا ہے تو دوسری طرف روٹی، روزگار کے لالے پڑے ہوئے ہیں،تاجروں کی مشاورت اورتجاویزسے چارٹرآف ڈیمانڈ مرتب کرکے حکومت کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔ روٹی، روزگار، کاروبار چلانا بھی ضروری ہے ۔ مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش لوگ ہم سب کی مدد کے حقدار ہیں۔ تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری برادری نے ہر مشکل میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ، مجھے پورا یقین ہے کہ ہمیشہ کی طرح آپ پھر اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔چھوٹے بڑے تاجروں کی موجودہ معاشی مشکلات پر ہمدردی اور افسوس ہے ، اصل مسئلہ اور خطرہ کورونا سے زیادہ اس چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت، سنجیدگی اورعزم کا ہے ، ہمارا ایمان ہے اﷲ کریم مشکل حالات میں ہمیشہ انسانوں کی مدد فرماتا ہے ،آپ سے درخواست ہے نادار طبقات کا خاص رکھیں۔ایک بیان میں مسلم لیگ ( ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کورونا وائرس پھیل رہا ہے ، کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہے ، کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق اس کا شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے ، متاثرین کی بڑھتی تعداد کے باوجود اب تک ڈاکٹروں، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس نہیں پہنچایا گیا، وائرس کے طبی پہلوئوں کے حوالے سے قومی سطح پر نظام وضع کرنا اشد ضروری ہے ، ٹیسٹنگ اور سکریننگ کے لئے فوری طور پر واضح طریقہ کار اور معیارات اپنائے اور ڈیزیز سرویلنس کا نظام جلدقائم کیا جائے بصورت دیگرخدانخواستہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی۔