مکرمی! میں آپکے موقر روزنامہ کی وساطت سے ارباب اختیار و اعلیٰ حکام کی توجہ چند مندرجہ ذیل امور کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔ لاہور اور اس کے گردِ و نواح میں چلنے والے موٹر سائیکل رکشہ (چنگ چی) المعروف ’’چاند گاڑی‘‘ کے ڈرائیور حضرات نے اپنی اپنی گاڑیوں میں بڑے بڑے میوزیکل ڈیک (ڈبے) لگا رکھے ہیں۔ جن کی وجہ سے ان گاڑیوں میں سفر کرنیوالے مسافر حضرات ٹھیک طرح سے بیٹھ بھی نہیں سکتے۔ لچر، اور بے ہودہ ریکارڈنگ کی وجہ سے خواتین اور خاص طور پر سکول و کالج طالبات کے لیے ان موٹر سائیکل رکشائوں میں سفر کرنا بہت مشکل دشوار، اور اذیت ناک ہو جاتا ہے۔ میری ٹریفک وارڈن پولیس، محکمہ ٹرانسپورٹ کے متعلقہ حکام اور لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی (L.T.C) کے ارباب اختیار و اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ وہ فوری طور پر اور ہنگامی بنیادوں پر موٹر سائیکل رکشائوں (چنگ چی) سے میوزیکل ڈیک (ڈبے) اتروائیں تاکہ مسافر حضرات پْرسکون اور ا یک اچھے طریقہ سے اپنا سفر مکمل کر سکیں۔ (شہزد احمد شیخ لاہور کینٹ ضلع لاہور)