اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) چین کے پاکستان میں سفیر یاؤ جِنگ نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان جاری ریل منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا، منصوبوں پر کام کی رفتارمزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سیکرٹری / چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی بھی موجودتھے ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں پر چینی سفیر سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت ، چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں وزارت پلاننگ سے منظوری کے بعد پشاور۔کراچی مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ رواں مالی سال میں ہی شروع ہو جائیگا۔ انہوں نے ایم ایل ون منصوبے میں گہری دلچسپی پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سر کلر ریلوے کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کو تیز کیا جائیگا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے روڑ اور ریل انفرا سٹرکچر کو تیزی سے ترقی دینا ناگزیر ہے ، اس سلسلے میں پاکستان ریلوے کے ساتھ مکمل تعاون کر ینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین تمام حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔