لاہور( کامرس رپورٹر ) وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب حکومت سے کم نرخوں پر گندم خرید کر آٹا سمگل کرنے یا پرائیویٹ طور پر مہنگے داموں بیچنے والی فلور ملز کا سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے اور کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو اس سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے اورفلور مل انتظامیہ کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملز سے تفصیلی مشاورت کے بعد 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 860روپے مقرر کی گئی،اسی طرح صوبے بھر کی فلور ملز کو یکساں طور پر سرکاری گندم کی ریلیز عمل میں لائی گئی اور پسائی اور دیگر معاملات پر بھی باہمی صلاح مشورے سے فیصلے کیے گئے اور اب ان اقدامات کے بعد کوئی جواز باقی نہیں بچتا کہ اس سستے آٹے کو کسی دوسرے صوبے یا شہر میں غیر قانونی طور پر منتقل کرکے ناجائز منافع خوری کی جائے ۔عبدالعلیم خان نے اپنے دورہ بہاولپور و ملتان میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران کو احکامات جاری کیے کہ وہ مشترکہ حکمت عملی اپناتے ہوئے فوری کارروائیوں کا آغاز کریں اور خلاف ورزی کی مرتکب فلور ملز کی نشاندہی کی جائے ۔