سنچورین(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی ٹونٹی میں3 وکٹوں سے شکست دے کر پروٹیز کو اس کی سرزمینپر8 سال بعد ٹی ٹونٹی سیریز 3-1 سے ہرا دی۔سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹونٹی میں قومی بائولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف بمشکل ایک گیند قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔آسان ہدف کو مشکل اور مشکل کو آسان بنانے کی ماہر گرین شرٹس اس سے قبل پروٹیز کی سرزمین پر 2013ء میں دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت چکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے یانیمن میلان اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم مارکرم اس اننگز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکے اور 11 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تاہم ملان نے وان ڈار ڈوسن کے ساتھ ملکر 57 رنز کی اچھی شراکت قائم کی۔ڈوسن نے اپنی نصف سنچری سکور کی اور 52 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ میلان 33 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جنوبی افریقہ کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔ قومی ٹیم کی جانب سے مین آف دی میچ فہیم اشرف اور حسن علی نے 3،3 جب کہ حارث رؤف نے 2 اور شاہین آفریدی، محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر دوسری ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور بابراعظم کے ساتھ ملکر 91 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔فخرزمان 34 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے جب کہ بابراعظم 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے ۔ محمد حفیظ 10، حیدر علی 3، آصف علی 5 اور فہیم اشرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔تا ہم آخری اوور میں محمد نواز نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا ، انہوں نے 21 گیندوں پر 25 رنز بنائے ۔ کپتان بابراعظم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ پاکستان نے سیریز کا پہلا، تیسرا اور چوتھا میچ جبکہ جنوبی افریقہ نے دوسرا میچ جیتا تھا۔دوسری طرف بابراعظم جنوبی افریقہ کو اسی کے میدانوں میں ون ڈے اورٹی 20 سیریز ہرانے والے پہلے ایشیائی کپتان بھی بن گئے ۔