لاہور،سیالکوٹ ،پاکپتن ،وہاڑی ،راہوالی ، حبیب آباد ،ہیڈ مرالہ(کامرس رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹرز،نامہ نگار ،نما ئند گان 92نیو ز) لاہور سمیت کئی شہروں میں چکن کی قیمت بے قابو ہوگئی ،اکثر جگہوں پر 300 سے 450 روپے فی کلو تک جاپہنچی،پرائس مجسٹریٹ نے چھاپوں میں کئی گراں فروشوں کو بھاری جرمانے کردیئے جبکہ 23 کو گرفتارکے مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ کئی شہروں میں ہڑتال بھی رہی ۔لاہور میں برائلر مرغی کے گوشت کی فروخت سرکاری نرخ پرگزشتہ روز بھی ممکن نہ ہو سکی، مرغی کا گوشت 260 سے 350 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا ۔چھوٹااوروزن میں ہلکابرائلر260روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ، لیگ پیس،سینہ،بون لیس بھی 350روپے فی کلو میں فروخت ہوتی رہی ۔پولٹری ایسوسی ایشن کے رہنما نے بتایا کہ اس وقت فارمر کے پاس مرغی موجود نہیں ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں برائلر کی سپلائی نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر بھر میں493 چھاپے مارے گئے ۔68 مقامات پر گراں فروشی پائی گئی۔75 ہزار روپے 500 کے جرمانے عائد کئے گئے ۔20 گراں فروشوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا گیا۔23 گراں فروشوں کو حراست میں لیا گیا ۔15 افراد کو سیدھا جیل بھیج دیا گیا ہے ۔وہاڑی اور گردونواح میں مرغی کا گوشت 400سے 450فی کلوکے حساب سے فروخت ہوتارہا جس پر عوام سراپا احتجاج بن گئے جبکہ دوسری طرف گوشت فروخت کرنیوالے دکانداروں نے بھی پولٹری مالکان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔راہوالی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ناصر محمود ججہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپے مار کر راہوالی کے 29دکانداروں کو مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے پر 5ہزار روپے فی کس جرمانہ کیا تھا جس پر دکانداروں نے مکمل ہڑتال کردی۔ برائلر گوشت فروخت کرنے والوں کی ہڑتال پاکپتن اور عارف والا میں تیسرے روز بھی جاری رہی چکن کی عدم دستیابی سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ برائلر ایسوسی ایشن کے صدر بشیر ڈھڈی نے مطالبات پور ے ہونے تک بلدیہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان، کر دیا۔سیالکوٹ میں اے سی ڈسکہ نے زائد قیمت پر چکن فروخت کرنے پر 6دکانداروں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا۔ پتوکی اور گردونواح میں بھی مرغی کا گوشت تین سو روپے تک فروخت ہو تارہا ۔ ہیڈمرالہ، ڈھلیوالی، چکرالہ، مدینہ ٹاؤن، مچھرالہ، اڈہ گڑھی، گوندل، علاقہ بجوات، سیدپور، چپراڑاورگردونواح میں برائلرمرغی کاگوشت 400روپے فی کلو فروخت ہوتارہاجبکہ انتظامیہ سبے بس نظرآئی۔شہریوں نے چکن مافیاکیخلاف سخت سے سخت کاروائی کامطالبہ کیاہے ۔