لاہور،فیصل آباد(کامرس رپورٹر،وقائع نگار خصوصی )فلور ملز کی جانب سے آٹے میں قیمتوں کے اضافے کے بعد آٹا چکی ایسوسی ایشن نے بھی آٹے کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔آٹا چکی ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافے کا اعلان کر دیا ہے ۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل آٹا 62 روپے فی کلو فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔مگر نئی گندم آنے کے باوجود حکومت خود چکیوں کو گندم ریلیز کر سکی اور نہ ہی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت کو کنٹرول کیا اور آج بھی اوپن مارکیٹ میں گندم 2000 روپے فی من میں مل رہی ہے ، ایسی صورت میں آٹا 62روپے فی کلو فروخت نہیں کر سکتے اورگند م کے موجودہ ریٹ پر آٹا 65 روپے فی کلو سے کم میں فروخت نہیں کریں گے ،مزید کہا کہ حکومت اگر ریلیف دے گی تو ہم بھی سستے آٹے کی صورت میں عوام کو ریلیف دیں گے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل مارکیٹ گزشتہ سال گند م کا ریٹ 2200روپے فی 40کلو گرام تک پہنچنے پر چکی آٹا ایسوسی ایشن نے آٹا 70روپے فی کلو گرام فروخت کیا تھا۔مگر حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے فلور ملز کا آٹا مہنگا نہیں ہوا تھامگر اب جہاں فلور ملز کا آٹا مہنگا ہوا وہاں چکی آٹا بھی مہنگا کر دیا گیا ۔ادھر فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں آٹا کی قیمت کے معاملہ میں ڈیڈ لاک برقراررہا جس کے بعد فلور ملز مالکان نے 3 ہفتوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 200 روپے تک بڑھا دی ہے ۔