اسلام آباد ( جہانگیر منہاس)وزارت صحت کی طرف سے ادویات کی قیمتوں میں کمی کے نوٹیفکیشن کے باوجود مارکیٹ میں ادویات پرانے نرخوں پر ہی فروخت کی جا رہی ہیں۔ راولپنڈی ، اسلام آباد کے ڈرگ سٹورزپر مریضوں کو امراض قلب، شوگر، بلڈ پریشر، دمہ اور چھوٹے بچوں کیلئے کھانسی ، بخار کے سیرپ اب بھی مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دبائو پر وزارت صحت کے ادویات کی کمی کے نوٹیفکیشن کے بعد ڈرگ سٹورز پر کوئی چھاپہ مار کارروائی کی گئی نہ ہی مارکیٹ میں پڑی ادویات کی قیمتوں کو چیک کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں بیٹھا مافیا فارما کمپنیوں کی مبینہ معاونت جا ری رکھے ہوئے ہے ۔ ملک میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ مقامی کمپنیاں بھی مہنگے داموں ادویات کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈرگ اتھارٹی میں گزشتہ 15سال سے مختلف عہدوں پر فائض وہی افسر بیٹھے ہیں جن کے فارما کمپنیوں کے ساتھ معاملات طے ہیں اور جو کسی بھی نئی پالیسی سے قبل فارما کمپنیوں کو آگاہ کر دیتے ہیں۔