اسلام آباد ،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، سی پیک پر پیشرفت ، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے ۔ پاک فوج کے سربراہ نے کورونا کے خلاف جنگ اور پاکستان کو ویکسین کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آزمودہ دوست چین کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے ۔آرمی چیف نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں عظیم الشان تقریب کے انعقاد پرچینی سفیر کو مبارکباد پیش کی۔ چینی سفیر نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہاجبکہ آرمی چیف سے پاکستان ایوان ہائے صنعت و تجارت کے اراکین نے ملاقات کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں کاروباری، صنعتی مراکز کی ترقی میں ایوان ہائے صنعت و تجارت کے کردار، بدلتے علاقائی اقتصادی ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار قابل قدر ہے ، پاک آرمی ملکی معاشی ترقی کیلئے کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، وفد نے پاک آرمی کے کردار، قربانیوں کو سراہا، آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا۔ ملاقات کرنیوالوں میں سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار،صدر ایف پی سی سی آئی ناصر حیات مگوں، سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی خواجہ شاہزیب اور اطہر چاولہ،عرفان اقبال،جمعہ خان شامل تھے ۔