اسلام آباد،کراچی (وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ) پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے حزب اختلاف کے خدشات کو درست ثابت کر دیا ہے ،جس ادارے کا سربراہ حکومت کے سیاسی مخالفوں کے خلاف تقریر کریں وہ ادارہ غیر جانبدار کیسے ہو سکتا ہے ؟نیب اپنی غیرجانبداری ثابت کرے اعتراض کرنے والے خودبخود خاموش ہو جائیں گے ۔ چیئرمین نیب کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب حزب اختلاف کو انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے حکومت کا آلہ کار بن گیا ہے ۔ چیئرمین نیب نے عمران خان کی ہی زبان استعمال کی ۔حکومت اپنے سیاسی مفادات کی خاطر اداروں کو متنازع بنا رہی ہے ، جس ادارے کا سربراہ حکومت کے سیاسی مخالفوں کے خلاف تقریر کریں وہ ادارہ غیر جانبدار کیسے ہو سکتا ہے ؟۔ کرپشن کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی کیلئے قائم ادارے کے سربراہ سے قوم کو جانبدارانہ گفتگو کی توقع نہیں ۔چیئرمین نیب بتائیں کہ انہوں نے بی آر ٹی میں کرپشن کی تحقیقات اب تک کیوں شروع نہیں کی۔ عوام کو آگاہ کریں کہ پرویز الہی ٰکے خلاف تحقیقات کیوں بند کر دی گئیں ہیں،کاش چیئرمین نیب تقریر میں بتا دیتے کہ مالم جبہ کرپشن میں کتنے لوگ گرفتار ہوئے ؟بابر اعوان ریفرنس کے باوجود ابھی تک باہر کیوں ہیں ۔