کراچی(این این آئی)چیئرمین ، پرنٹر اور پبلشر جنگ گروپ میر جاوید رحمن رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ۔مرحوم جنگ گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن کے بڑے صاحبزادے اور جنگ ، جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کے بڑے بھائی ہیں۔میر جاوید رحمن کراچی کے ہسپتال میں کچھ روز سے زیرِعلاج تھے اور انہیں شوگر اور پھیپھڑوں کا کینسر تھا، انہیں ہسپتال میں دورانِ علاج دل کا دورہ بھی پڑا جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا تھا۔ صدر کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) عارف نظامی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک سمیت تمام اراکین نے جنگ گروپ کے پبلشر اور ہفت روزہ اخبار جہاں کے چیف ایڈیٹر میر جاوید رحمن کے انتقال پراظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا کرے ۔سی پی این ای کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا میر جاوید رحمٰن اخباری دنیا میں بلند مقام رکھتے تھے ، وہ انتہائی مدبر اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حامل شخص تھے ، ان کے انتقال سے اخباری دنیا کو ایک سینئر ساتھی کی جدائی سے گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔