پشاور،نوشہرہ،اسلام آباد(92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں، گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں۔نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کاکہنا تھا کہ ممبران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر سے متعلق اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے ہوچکے ہیں، بدھ تک ان تقرریوں کا فیصلہ ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق اپوزیشن سے ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی ٹیم کے ساتھ مل کر حکومت فیصلہ کرے گی۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں لیکن گلے شکوے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کا تختہ الٹ دیاجائے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی، تمام ارکان قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔دوسری جانب صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کا معاملہ جلد حل ہو جا ئیگا، پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی پر کسی آئینی بحران کا خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر کام کر رہے ہیں ۔