اسلام آباد (این این آئی)ن لیگ کے رہنماؤں مریم اورنگزیب ، احسن اقبال ،سعد رفیق اور عطا تارڑ پر مشتمل وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور کنٹونمنٹ بورڈانتخابات پر تحفظات سے آگاہ کیا ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ صدر کے آرڈیننس سے واضح ہے حکومت شفافیت سے قانون سازی نہیں کر رہی، حکومت ووٹر لسٹوں میں بھی من مرضی کا اندراج چاہتی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات میں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم 1971 ئمیں دیکھ چکے ہیں ووٹ کی حرمت نہیں مانی گئی تو ملک ٹوٹ گیا۔سعد رفیق نے کہاکہ گورنر ہاؤس لاہور میں دھاندلی کا منصوبہ بن رہا ہے ،ہم نے تحریری شکایات جمع کرا دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس لاہور میں آزاد امیدواروں کو بلا کر دھمکایا گیا، افسروں کے تبادلے کیے جا رہے ہیں۔عطا تارڑ نے کہاکہ گوجرانوالہ میں بھی افسران پی ٹی آئی کے کارکن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اب ہر جگہ منصوبوں کے اعلان کر رہے ہیں، یہ جھانسہ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ اسلام آباد(خبر نگار)الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کے ضمنی ا لیکشن کا نتیجہ کالعدم کرنے کیلئے دائر مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔ ن لیگ کے امیدوار طارق سبحانی کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ دھاندلی اور بد نظمی کے الزامات ثابت نہیں کیے جاسکے ۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فارم 45 اور 46 پر جعلی دستخطوں کا الزام بھی ثابت نہیں ہو سکا، ریٹرننگ افسرکی رپورٹ بھی الزامات کی نفی کرتی ہے ۔ متاثرہ فریق چاہے تو الیکشن ٹرببونل سے رجوع کرسکتا ہے ۔ ادھر الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ اور پریذائڈنگ افسران کو پابند کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے غیر حتمی نتائج کا اعلان اسی دن ہی کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو حکم دیا کہ انتخابات تک ضابطہ اخلاق اور ترقیاتی سکیموں کے اعلان یا منظوری پر پابندی کو یقینی بنائیں۔