اسلام آباد(خبرنگار)ججز تعیناتی کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کیلے جسٹس مامون رشید شیخ کے نام کی سفارش کردی جبکہ اسلا م آباد ہائیکورٹ میں نئے ایڈیشنل ججوں کی تقرری کا جائزہ لینے کے لئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21 نومبر کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم 31 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم کی ریٹائرمنٹ کے تناظر میں نئے چیف جسٹس کی سفارش کی گئی ،پارلیمانی کمیٹی براے ججز تقرری سے منظوری کے بعد جسٹس مامون رشید شیخ کے نام کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ،جس کے بعد جسٹس مامون رشید شیخ بطورچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ دوسری جانب چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21 نومبر کو طلب کر لیاجس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے ججز کی تقرری کیلئے تین ناموں پر غور کیا جائے گا،بلوچستان سے ایڈووکیٹ غلام اعظم قمبرانی،اسلام آباد سے فیض احمد جندران اور سندھ سے لبنیٰ پرویز کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔