لاہور(قاضی ندیم اقبال) چیف سیکرٹری پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد3 ایڈیشنل چیف سیکرٹریز کو فوری طور پر سالانہ فنڈزفراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔محکمہ خزانہ پنجاب نے پہلی بار ان صوبائی بااختیار سول بیوروکریٹس کے دفاتر کے سالانہ اخراجات کی فراہمی کے لئے بجٹ کی تیاری شروع کر دی۔تاہم رواں مالی سال 2019-20 کے باقی ماندہ دو مہینوں کے اخراجات ایس اینڈ جی اے ڈی کی مد سے پورے کئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد صوبائی سطح پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کے علاوہ مزید 4اسامیاں پیدا کی گئیں جن کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربن ڈویلپمنٹ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سروسز اکانومی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری زراعت و دیہی معیشت کا نام دے کر مجاز افسروں کی تعیناتیاں کر دی گئیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شوکت علی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی ارم بخاری کے دفاتر کے جملہ اخراجات کے لئے بجٹ میں سالانہ بنیادوں پر فندز کی فراہمی کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب ایڈیشنل چیف سیکرٹری زراعت و دیہی معیشت عارف انور بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربن ڈویلپمنٹ طاہر خورشید، اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری سروسز اکانومی ظفر نصراﷲ کے دفاتر کے جملہ اخراجات ( اے سی ایس کی تنخواہ ، دفتر میں تعینات سٹاف/ ملازمین کی تنخواہوں، اے سی ایس دفتر کے لئے فرنیچر، گاڑی کے پٹرول و دیگر مراعات ) کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے جس کے سبب ان تینوں چیف سیکرٹریز کے دفاتر کی مشکلات جوں کی توں ہیں۔ انہیں ہر روز ایس اینڈ جی اے ڈی کا دست نگر ہونا پڑتا ہے اور ان دفاتر کی کارکردگی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران مذکورہ با اختیار سول بیوروریٹس نے اپنے دفاتر کی حالت زار بارے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کو آگاہی دی جس کا چیف سیکرٹری پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خزانہ پنجاب اور پی اینڈ ڈی حکام کو اس ضمن میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔احکامات کی تکمیل میں محکمہ خزانہ پنجاب نے آئندہ مالی سال 2020-21 کے دوران 3ایڈیشنل چیف سیکرٹریز کے دفاتر کو سالانہ اخراجات کی ادائیگی کے لئے بجٹ فراہم کرنے کے لئے کام شروع کر دیا ہے ۔یکم جولائی 2020سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کے دوران ان تینوں ایڈیشنل چیف سیکرٹریز کے دفاتر کا آزاد بجٹ مختص ہو گا۔تاہم رواں مالی سال2019-20 کے باقی ماندہ دو مہینوں9 201مئی اور جون2020 کے اخراجات سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اٹھائے جائیں گے ۔