اسلام آباد، لاہور( نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ) صدر مسلم لیگ(ن) شہباز شریف نے چیئرمین نیب کی مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا ۔انہوںنے ٹویٹ کیا کہ معاملے پر واضح موقف دے چکا ہوں، پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو وزیراعظم اور چیئرمین نیب سے اِن سوالوں کے جواب لے اور حقائق عوام کے سامنے لائے ۔ادھر شاہد خاقان نے دیگر رہنمائوںکے ساتھ پریس کانفرنس میںکہا چیئر مین نیب ویڈیو کے معاملے کے پیچھے وزیر اعظم ہائوس ہے ، حکومت کی کرپشن چھپانے کیلئے انہیںبلیک میل کیا جا رہاہے ، ہم چاہتے ہیں چیئرمین نیب کو انصاف ملے ، مسلم لیگ (ن )آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ معاملے کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوںنے کہا جس ادارے نے آڈیو وڈیو چلائی وہ طاہر خان کا ادارہ ہے جو عمران خان کے دوست اور مشیر ہیں، سارے معاملہ میں وزیر اعظم کا ہاتھ ہے ۔ادھر سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میںکہا چیئر مین نیب متنازعہ ہوچکے ، انہیںعہدہ چھوڑ دینا چاہیے ، چیف جسٹس بھی کہتے رہے ہیں کہ نیب صحیح کام نہیں کر رہا۔اعتزازاحسن نے کہا چیئرمین نیب کی اخلاقی پوزیشن خراب ہوئی لیکن قانونی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑا،چیئرمین نیب کو اس ٹیپ کا فرانزک ٹیسٹ کرانا چاہیے ۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ یہ چیئرمین نیب کا ذاتی معاملہ ہے تاہم نجی چینل اور پی ٹی آئی قیادت کے تعلقات کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیے ۔