کراچی(کامرس رپورٹر) کراچی چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے صدرآغا شہاب احمد خان نے وزارت بحری امور، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے چین سے درآمدات پر پابندی عائد کیے جانے سے مختلف اشیائاور اجناس کے درآمدکنندگان شدید مالی نقصانات سے دوچار ہیں لہٰذا ان درآمدکنندگان کو بچانے کے لیے خصوصی پالیسی وضع کی جائے ۔کے سی سی آئی کے صدر نے ایک بیان میں متعلقہ حکام کو نوٹیفیکیشن جاری کرنے پر زور دیا جس میں پورٹ حکام اور تمام ٹرمینل آپریٹرزکو ہدایت کی جائے کہ وہ چین سے پاکستانی بندرگاہوں پر پہنچنے والے ان کنسائمنٹس پر ڈیمرج اور ڈی ٹینشن عائد کرنے سے گریز کریں جو اب تک کلیئر نہیں ہوئے ہیں جبکہ اگر پہلے ہی کچھ کنسائمنٹس پر ڈیمرج اور ڈی ٹینشن لگایا گیا ہے تو اسے فوری طور پر ختم کیا جائے۔ جس کا تاجر برادری تہہ دل سے خیر مقدم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ کئی درآمدکنندگان نے کراچی چیمبر سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چین میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے چین سے آنے والے ان کے درآمدی کنسائمنٹس کو پاکستان کی بندرگاہوں پر روک لیا گیا ہے ۔