حکومت نے چین سے کرونا وائرس پاکستان منتقل ہونے کے خدشے کے پیش نظر چائینہ سدرن ایئر لائن کی پاکستان میں پروازیں عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔ چین میں کرونا وائرس کی وبا تشویشناک صورت حال اختیار کر چکی ہے ۔صوبہ ووہاں کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس جان لیوا وائرس سے تین لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ ان حالات میں چین میں موجود پاکستانیوں کے لواحقین شدید کرب میں مبتلا ہیں۔ دفتر خارجہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں 28ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیںچین کا صوبہ ووہاں جو کرونا وائرس سے شدید متاثر ہے وہاں 500کے قریب پاکستانی طلبا رہائش پذیر ہیں جبکہ چین میں 800پاکستانی تاجروں کے علاوہ 1500چینی پاکستان آتے جاتے رہے ہیں۔ ان حالات میں اس عفریت کو پاکستان داخل ہونے سے روکنے کے لئے صرف سدرن ایئر لائن پر پابندی کافی نہیں ہو گی کیونکہ بہت سے افراد نہ صرف دیگر ایئر لائنز بلکہ بلواسطہ فلائٹس کے ذریعے بھی پاکستان آتے جاتے ہیں۔بہتر ہو گا حکومت فوری طور پر پاکستان کے تمام ایئر پورٹ اور دیگر ذرائع سے آنے والے افراد کی سکریننگ کے انتظامات کرے جن افراد میں وائرس کی موجودگی کا شبہ ہو ان کے علاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اس کے علاوہ چین میں موجود پاکستانیوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کی جائیں تاکہ اس جان لیوا وائرس سے پاکستانیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے کوئی راہ نکل سکے۔