اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز) پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ سی پیک معاشی وکمرشل منصوبہ ہے جس میں کوئی بھی شامل ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے گورنر بلوچستان امان اﷲ خان کو امدادی چیک دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر نے کہا کہ بھارت سی پیک پر تحفظات رکھتا ہے اور کہتا ہے سی پیک کے کچھ روٹس متنازعہ علاقوں سے گزرتے ہیں لیکن سی پیک مکمل طور پر کمرشل اور معاشی منصوبہ ہے ،چِینی سفیر نے بھارتی تحفظات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی خوشحالی اور بھلائی کے اس منصوبے میں جو چاہے شامل ہو سکتا ہے ۔انہوں نے چینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی طرف سے بارش سے متاثرہ افراد کیلئے بلوچستان حکومت کو 2لاکھ ڈالر فراہم کئے ۔یاؤ جنگ کا کہنا تھا کلہ سی پیک کے بعد بلوچستان نے خاصی توجہ حاصل کی ، بلوچستان کی تمام جماعتوں کے شکر گزار ہیں ، بلوچستان کی تمام نیشنلسٹ پارٹیز نے بیجنگ کانفرنس میں شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی گراؤنڈ بریکنگ آئندہ مہینے کر دی جا ئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خوشحالی ترقی اور امن کی جانب گامزن ہے ۔سی پیک کے تحت کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی ممکن ہو گی ۔ چینی سفیر بلوچستان ہائوس پہنچے جہاں انہوں نے بارشوں سے متاثر ہونے والوں کیلئے گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اﷲ خان کو امدادی چیک دیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے بعض علاقے کافی متاثر ہوئے ہیں، چین کی جانب سے اس امداد سے متاثرین کو کافی ریلیف ملے گا، ہم چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔