واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) امریکی ماہرین نے انکشاف کیا ہے بھارت کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل منوج موکنڈ نراوانے وزیراعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ بھارتی فوج اس قابل نہیں کہ وہ چین اور پاکستان کے ساتھ بیک وقت دو محاذوں پر جنگ کر سکے ، ملک کے بہترین مفاد میں یہی ہے سفارتی ذرائع استعمال کر کے حالات کو سازگار بنایا جائے ، گزشتہ روز انہوں نے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت سے ملاقات کے دوران مودی حکومت کو واضح پیغام بھجوایا کہ اس وقت بھارتی فوج کے پاس ویسے جدید ہتھیار نہیں جو چین کے پاس ہیں ، معروف سکالر ڈاکٹر مائیکل جے رائٹ کا کہنا ہے یہ بات درست ہے کہ امریکہ ہر محاذ پر چین کا راستہ روکنا چاہتا ہے ، بھارت اور امریکہ کے لئے پریشانی یہ بھی ہے کہ اس وقت پاکستان میں عمران خان کی حکومت ہے جسکو اپنے مقاصد کی طرف مائل کرنے کی کوئی تدبیر کارگر نہیں ہے ، پروفیسر اجے کمار شرما کے مطابق خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کے سربراہ سمنت کمار گوئل اور انٹیلیجنس بیورو کے سربراہ اروند کمار نے جو رپورٹ حکومت فراہم کی ہے اسکے مطابق چین کی لبریشن آرمی اور کمانڈوز آئے روز بھارتی سرزمین پر قبضہ کر رہے ہیں ، بھارت نے ٹرمپ انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر بھارت پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، امریکی انتظامیہ نے پاکستانی حکام کو بھارت کے اس خدشہ سے آگاہ کیا تو پاکستان نے اسکی تردید کر دی ، بھارتی فضائیہ کے سربراہ آر کے ایس بھدوریا بھی مودی حکومت کو چین کے ساتھ اعلٰی سطحی مذاکرات کا مشورہ دے رہے ہیں۔