بیجنگ (این این آئی ) چین نے جوابی وار کرتے ہوئے امریکی سینٹرز،اداروں پر پابندیاں عائد کردیں ،حزب اللہ نے بھی عراق میں امریکہ کی فوج کیخلاف جنگ کی دھمکی دی ہے ۔چین نے بیان بازی پر امریکی سینٹرز مارکو روبیو ، ٹیڈ کروز ، کرس سمتھ ، سفیر سیم براؤن پر پابندیاں لگائیں دوسری جانب امریکی بحریہ کے جہاز میں دھماکے سے زخمیوں کی تعداد 21ہوگئی۔نیٹ نیوز کے مطابق چین کی جانب سے امریکی ذمے داران اور اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، پابندیوں کی لپیٹ میں آنے والوں میں ریپبلکن سینیٹر مارو روبیو بھی شامل ہیں۔ چین کا یہ اقدام ان پابندیوں کے جواب میں سامنے آیا جو واشنگٹن نے مسلم اقلیت کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کے سبب سینئر چینی ذمے داران پر عائد کی تھیں۔وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونئنگ نے بریفنگ میں کہا کہ یہ اقدام امریکا کے غلط اقدامات کے جواب میں اٹھایا گیا ہے ، ہم امریکا سے اپنے غلط فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے اور چین کے داخلی معاملات میں مداخلت اور چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی الفاظ اور اقدامات کو روکنے کی اپیل کرتے ہیں۔دریں اثنا عراق کی ایک ایران نواز عسکری تنظیم عراقی حزب اﷲ نے امریکی فوج کے خلاف جنگ شروع کرنے کی دھمکی دی ہے ۔