بیجنگ ، لاہور ،اسلام آباد (ایجنسیاں ، خبر نگار خصوصی) چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 26 ہو گئیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعدا 900ہو گئی ہے ، مزید چینی 10 شہر سیل کر دئیے ، وائرس کے پاکستان میں منتقل ہونے کے خدشے کے پیش نظر چائنہ سدرن ائیر لائن کی پروازیں عارضی طور پر بند کر دی گئیں، حکومت نے وائرس کے حواے سے چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ میں میں قائم تین لیبارٹریوں سے ملک میں آنے والے مشتبہ کیسز کی تشخیص کے لیے رابطہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چین کے صوبے ہوبئی کے وسطی شہر ووہان سے شروع ہونے والے نئے قسم کے وائرس نے صوبے کے 10 شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ،انتظامیہ نے ووہان کے قریبی شہروں کو بھی سیل کر دیا ہے ، ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی جب کہ شہریوں کو جھیلوں، دریائوں اور نہروں پر جانے سے روک دیا گیا ۔چین نے کرونا وائرس کیخلاف اقدامات کے دوران دیوار چین کے ایک بڑے حصے ،بیجنگ کے سیاحتی مقامات اور پبلک پارکس کو بند کر دیا ہے ۔ملک میں نئی چینی سال کی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ چین نے ہزار بستروں پرمشتمل ہسپتال صرف ایک ہفتے میں تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا جہاں متاثرہ افراد کا علاج ہو گا،یہ سوموار سے کام شروع کر دے گا ،ووہان کے حکام کے مطابق وائرس سے ساڑھے تین لا کھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں ۔وائرس کے پیش نظر کامیڈی فلم ’’لوسٹ ان رشیا‘‘ کو انٹرنیٹ پر ریلیز کیا جارہا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ سینماؤں میں ناظرین جان لیوا وائرس کا شکار نہ ہوجائیں۔ وائرس کی روک تھام کے حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ائیر پورٹ چودھری نذیر کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں میو ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا۔اجلاس میں طے پایا کہ وائرس کی روک تھام کے لیے ائیرپورٹ پر قائم کاؤنٹرز پر ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف موجود رہے گا، سکینرز کے ذریعے چین سے آنے والے تمام مسافروں کا چیک اَپ کیا جائے گا۔ وائرس کے پاکستان منتقل ہونے کے خدشے کے پیش نظر چائنا سدرن کی سروس 30 جنوری تک بند کر دی گئی ہے ۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پروازوں کا نیا شیڈول ایک ہفتے بعد جاری کیا جائے گا ۔ معاون خصوصی صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس تشخیص کرنے کی صلاحیت اس وقت دنیا کی چند مخصوص وائرولوجی لیبارٹریز میں ہی میسر ہے ۔ان میں سرفہرست سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) اٹلانٹا، امریکہ ، چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ کی لیبارٹریاں شامل ہیں۔اگر ملک میں اس کا کوئی مشتبہ کیس سامنے آیا تو اس کی تشخیص کے لیے سیمپل ان تین ممالک کی لیبارٹریوں میں بھیجے جائیں گے ،ملک میں کرونا وائرس کا ابھی تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ جبکہ ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں حالیہ کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پاکستان میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا اسلام آباد سمیت تمام بڑے ائیرپورٹس پر سکریننگ کائونٹر قائم کر دئیے ہیں ۔