بیجنگ،اسلام آباد، لاہور (نامہ نگار خصوصی،وقائع نگار ، خبر نگار خصوصی،این این آئی، خصوصی رپورٹ)چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 17ہوگئی ،400افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ پاکستان میں قومی ادارہ صحت نے وائرس کے خطرات سے بچاؤ کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق چینی محکمہ صحت کے عہدیداروں نے خبردار کیا کہ اب تک 17 افراد کی ہلاکت کی وجہ بننے والا نیا وائرس میوٹیشن یا تغیر کی صلاحیت رکھتا اور اس کے مزید پھیلنے کا خدشہ موجود ہے ، نیشنل ہیلتھ کمیشن کے نائب وزیر لی بن نے کہا کہ اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ یہ بیماری بنیادی طور پر سانس کی نالی کے ذریعے پھیلی ۔حکام متاثرہ صوبوں کیلئے سفری پابندیاں لگانے کاجائزہ لے رہے ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں ہیتھ ایمرجنسی لگانے کا جائزہ لیا گیا جبکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے پاکستان بھر کے ائیرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، چین سے پاکستان آنے جانے والوں کا طبی معائنہ کیا جائے گا ۔ ممکنہ خطرات کے پیش نظر ڈاکٹر ظفرمرزا کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں اس سے بچائو کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کیلئے ایمر جنسی آپریشن سیل قا ئم کر دیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کی سر براہی میں اجلاس میں وائرس کے مہلک اثرات سے بچائو کیلئے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔