نئی دہلی (این این آئی)بھارت کے سابق آرمی چیف وی پی ملک نے کہا ہے کہ چین کیساتھ سرحدی کشیدگی طویل عرصہ چل سکتی ہے ۔چین اوربھارت کے مابین سرحدی کشیدگی کو فوجی سطح پر حل کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور اب شاید یہ معاملہ سیاسی اور سفارتی سطح پر ہی حل ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کشیدگی کافی طویل چلنے کے پیچھے کارفرما عوامل پہلے سے کہیں مختلف ہیں اور انکی نوعیت تکنیکی سے زیادہ سیاسی ہے ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ انڈیا لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے علاقے میں موجود اپنے انفراسٹرکچر کو گزشتہ کئی برسوں سے بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم چین اس پر نالاں ہے ۔ اس علاقے پر چین کبھی کبھی اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے ۔ مگر ہمارے لئے یہ راستہ اسلئے اہم ہے کہ یہ شیراک، دولت بیگ سے ہوتا ہوا قراقرم پاس تک جاتا ہے ۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے آئینی ڈھانچے میں تبدیلی بھی کشیدگی کی ایک وجہ ہو سکتی ہے کیونکہ چین کا پاکستان کیساتھ سٹریٹجک اشتراک ہے ۔