پشاور،کوہاٹ،کراچی(نامہ نگار،نمائندہ92 نیوز، سٹاف رپورٹر)چین کے ایئر پورٹ پر 200سے زائدپاکستانی بدستورمحصور ہیں۔ ارونچی میں محصور پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ کچھ نہیں بتایا جارہا کہ ہمیں کیوں پاکستان جانے نہیں دیاجارہا ، بچے ، بزرگ بھی بلا وجہ ائیر پورٹ پر خوار ہورہے ہیں،شدید سردی میں ایک اور رات گزاری ہے ۔ہم پر رحم کیا جائے ، ہوٹل میں رہنے کے پیسے نہیں،کرونا کی وجہ سے واپس جا نہیں سکتے اور پاکستان بھیجانہیں جارہا ۔ووہان میں زیر تعلیم طلبہ کا کہنا ہے کہ اپنے ٹکٹ کے پیسے ہیں ،ہمیں وطن واپس بلایا جائے ۔ادھرکرونا وائرس کے باعث چین کے شہرووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے والدین اور دیگراہلخانہ نے کوہاٹ کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ادھرچین کے شہر ووہان سے ایک پاکستانی طالبعلم ارسلان کراچی پہنچ گیا۔لیاری کے رہائشی ارسلان نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ووہان میں 559 پاکستانی شہری محصور ہیں، میں ووہان کو سیل کئے جانے سے قبل نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا اور 28 جنوری کو کراچی پہنچا۔ طبی معائنہ کرایا اور ٹیسٹ کلیئر ہونے پر واپسی کی اجازت ملی، حکومت وہاں پھنسے پاکستانیوں کی جلد واپسی یقینی بنائے ۔