اسلام آباد (وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ) آٹا چینی بحران پر ہٹائے گئے سینئر بیوروکریٹ وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کو منیجنگ ڈائریکٹر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) تعینات کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے گریڈ 22 کے افسر ہاشم پوپلزئی کو ایم ڈی پیپرا تعینات کرنے کی سمری کی منظوری دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی آئندہ برس ریٹائر ہو رہے ہیں اور انہیں ہفتہ کو ریٹائرمنٹ سے قبل ہی 3 سال کے لیے ایم ڈی پیپرا لگانے کی منظوری دی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ 4 اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کی جانب سے آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی تھی۔ رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں دیگر تبدیلیوں کے ساتھ وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک اور تحقیق خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزارت اقتصادی امور دے دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کوذمہ دار قرار دے کرفوری ہٹانے کی سفارش کی تھی۔ وزیراعظم نے رپورٹ کے بعد ہاشم پوپلزئی کو بھی سیکرٹری فوڈکے عہدے سے ہٹا دیا تھا اور عمر حمید کو ان کی جگہ تعینات کیا تھا۔