لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہحکومتی ٹیم نااہل اور وزیراعظم اس کے سربراہ ہیں ۔ سابقہ حکمران پارٹیوں ، موجودہ حکومت میں کوئی اختلاف نہیں جھگڑا صرف کرسی کاہے ، خارجہ پالیسی میں دوست بنائے جاتے ہیں ، آقا نہیں ، حکومت کی خارجہ پالیسی پاکستان نہیں امریکی مفادات کے گرد گھومتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ بیرونی دوروں میں کشمیر کو ترجیح اول بنانے کی بجائے افغانستان میں امریکی مفادات پر فوکس رکھا گیا ،حکومت کہتی ہے کہ آٹے کی قلت، قیمت میں اضافہ منصوعی ہے تو پھر اب تک ذمہ داروں کا تعین کیوں نہیں کیا گیا ۔ لگتا یہی ہے ذمہ دار بہت بااثر ، حکومت کا حصہ ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں امیر العظیم، قیصر شریف او ر دیگر ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ طاقتور مافیا نے حکومت کو یرغمال بنا رکھاہے اور یہ ایسی قید ہے جس سے حکومت آزاد ہونے کو تیار نہیں ، حکومت میں بیٹھے شوگر اور آٹا مافیا نے چند دنوں میں عوام کی جیبوں سے اربوں روپے لوٹ لیے ہیں ، ابھی تک عدالتوں کی طرف سے شوگر، لینڈ اور ڈرگ مافیا کے خلاف کوئی سوموٹوایکشن نہیں لیا گیا ، اب جماعت اسلامی عوام سے رجوع کر رہی ہے ، ٹرمپ سے بڑا کوئی شعبدہ باز نہیں ، وہ بار بار دھوکہ دے رہاہے ، ٹرمپ مودی کا یا ر اور مسلمانوں کا دشمن ہے یہی وجہ ہے کہ آج تک کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل نہیں ہوسکے ۔