اسلام آباد،پشاور(سپیشل رپورٹر، خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور مضبوط پارٹنر ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر یاؤجنگ سے ملاقات میں کیا جنہوں نے ان سے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں پاک چین تعلقات،سی پیک سمیت دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم نے چین کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے صدر شی جن پنگ کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا چین کی طرح ہم بھی پاکستانی عوام کامعیارزندگی بلندکرناچاہتے ہیں۔سی پیک سے تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔چینی سفیر یائوجنگ نے کہاوزیراعظم عمران خان کی ترجیحات متاثر کن ہیں،آسان کاروباری مواقع،گرین پاکستان اور معیشت کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں،سرمایہ کاروں کو پاکستان لانے کیلئے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں،برآمدات میں اضافے کیلئے پاکستان کی حکومت موثرکاوشیں کر رہی ہے ۔پاکستان کے مضبوط شراکت دار کی حیثیت سے تعاون جاری رکھیں گے ۔یقین ہے عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزل حاصل کرے گا۔ کوشش ہے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط کیاجائے ۔سی پیک کے اگلے مرحلے میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کو ترجیح دی جائے گی ۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہدکے استقبال اورمہمانوں کیلئے انتظامات کاجائزہ لیا۔اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا آج کاپاکستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع فراہم کررہاہے ۔سرمایہ کاری اورکاروبار کے فروغ کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔آسان ویزہ اورکاروبارکیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔پاکستان خطے میں پائیدارامن کیلئے اپناکردارجاری رکھے گا۔یہ ہے نیاپاکستان جس کی طرف آج پوری دنیادیکھ رہی ہے ۔معززمہمان کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہاہے کہ ہم سب کوموسم سرماکی بارشوں کیلئے اﷲ تعالیٰ کاشکریہ اداکرناچاہیے ۔ اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ آبی ذخائربڑھانے کیساتھ بارشیں ملکی معیشت کیلئے بہت اہم ہیں۔بارشوں سے فضائی آلودگی ختم کرنے میں مددملے گی۔انشائاﷲ اس سال گندم کی ریکارڈپیداوار حاصل کریں گے ۔وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور آئیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ضم قبائلی اضلاع، امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے ۔اجلاس میں گورنر ، وزیراعلیٰ،عسکری اور سول حکام شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم گورنر ہاوس پشاور میں قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے صحت سہولت کارڈز کا افتتاح بھی کریں گے ۔