کراچی(سٹاف رپورٹر)ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے چینی قونصلیٹ پرحملے سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔ ضلع ملیر پولیس کی جانب سے مختلف کارروائیوں کے دوران برآمد کیے جانے والے موبائل فونز شہریوں کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ پولیس کی جانب سے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات سے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں اورجرائم کی وارداتوں میں واضح کمی ہوئی ہے ۔ دریں اثنا پولیس ذرائع کے مطابق چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتاریاں کراچی شہر اور بلوچستان سے کی گئی ہیں، ملزمان کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے ہے ،ان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے ، جبکہ کراچی میں موجود بی ایل اے نیٹ ورک کا سراغ بھی لگالیا گیا۔