اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ میں چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد رکوانے کیلئے دائر شوگر ملز مالکان کی انٹراکورٹ اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے ، جسٹس عامر فاروق اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ آج اپیل کی سماعت کریگا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور شوگر ملز مالکان نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ سے متعلق سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی جس میں کہا گیا کہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ سے انڈسٹری کو بدنام کیا جا رہا ہے ، انکوائری رپورٹ کی کوئی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں ، انکوائری رپورٹ مخصوص شوگر ملز کی تضحیک اور شہرت خراب کرنے کیلئے ہے ۔ سنگل بنچ کا فیصلہ غیر آئینی اورغیر قانونی ہے ۔ انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی کہ شوگر کمیشن انکوائری رپورٹ کی روشنی میں حکومتی اداروں کو شوگر ملز مالکان کے خلاف کارروائی کی اجازت دینے کا 20 جون کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور تمام اداروں کو رپورٹ کی روشنی میں کارروائی سے روکا جائے ۔ انٹراکورٹ اپیل میں عدالت سے شوگر انکوائری کمیشن بنانے کے نوٹیفکیشن اور انکوائری رپورٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی گئی ۔