لاہور(اشرف مجید)چینی اور آٹا بحران کے بعد حکومت کے لئے ایک نیا امتحان سامنے آ گیا،ٹماٹر اور آلو کی قیمتیں بھی آسمانوں پر پہنچ گئیں ،فوری طور پر ٹماٹر ایران سے درآمد نہ کرنے کی صورت میں عید الضحیٰ پر ٹماٹر کی قیمت 200روپے کلو گرام سے بھی بڑھ جائیں گی ،مارکیٹ کمیٹیوں کی جانب سے صورت حال بارے سیکرٹری زراعت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ،تفصیلات کے مطابق سندھ میں ٹماٹر کی فصل کو ٹڈی دل نے بری طرح متاثر کیا جبکہ بلوچستان کے علاقے لورا لائی میں ٹماٹر کی فصل جو کہ اس وقت پنجاب میں بھی آتی تھی اس فصل کو بھی بیماری نے تباہ کر دیا جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہیں اور اس وقت ٹماٹر 100کلو گرام فروخت کئے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب زمینداروں کو گزشتہ چار سالوں کے دوران آلو کی فصل میں شدید نقصان پہنچا تھا جس کے باعث اس بار پنجاب میں آلو کی فصل پر کم دھیان دیا گیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بلوچستان کے علاقوں سمیت پشاور ،سوات ،ایبٹ آباد اور گلگت سے نئے آ لو پنجاب میں آ رہے ہیں جنکی قیمت اب فی کلو گرام 50سے 60روپے تک پہنچ گئی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی بادامی باغ سبزی منڈی کے آڑھتیوں کی جانب سے مارکیٹ کمیٹی کو تمام صورت حال بارے آگاہ کیا گیا جس پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے سیکرٹری زراعت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے انجمن تاجران سبزی منڈی بادامی باغ کے صدر چودھری اعجاز نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہماری جانب سے بر وقت تمام صورت حال سے آگاہ کر دی لیکن افسوس حکومت اس وقت حرکت میں آتی ہے جب پانی سر سے گزر جائے ۔