ماسکو(نیٹ نیوز) روس میں ان دنوں گیارہ سالہ لڑکی آمنہ کا بہت چرچا ہے جس کے قدرتی حسن نے دنیا کو ششدر کررکھا ہے ۔ آمنہ آپینڈیوا کی ایک آنکھ نیلی اور دوسری ڈارک براؤن ہے جبکہ وہ مکمل طور پر البینو یا سورج مکھی کی کیفیت کی شکار ہے ۔آمنہ کی تصاویرچیچنیا کی مشہور فوٹوگرافر آمنہ ارسکوفا نے کھینچی اور اسے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا جسے معمول سے دس گنا زائد افراد نے شیئر کیا اور لڑکی کے خاص چہرے اور حسن کی تعریف کی ۔ بعض افراد نے اسے آسمانی حسن قراردیا تو کچھ لوگوں نے تصاویر کی صداقت پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔آمنہ کی تصاویر پر 10 ہزار سے زائد لائکس موصول ہوچکے ہیں۔آمنہ کا تعلق چیچنیا کے ایک چھوٹے سے گاؤں قشلوئے سے ہے اور اس کے حسن کا راز دو جینیاتی امراض میں پوشیدہ ہے ۔ اول البینزم یا سورج مکھی جس میں جلد کا رنگ دودھیا ہوجاتا ہے ۔ دوئم وہ ہیٹروکرومیا کی شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کی دونوں آنکھوں کی رنگت ایک دوسرے سے مختلف ہے ۔دوسری جانب بہت سے لوگوں نے کہا ہے کہ یہ تصاویر فوٹوشاپ سے تبدیل کی گئی ہیں کیونکہ 11 سالہ آمنہ کا اب تک ذاتی فیس بک یا انسٹاگرام اکاؤنٹ سامنے نہیں آسکا تاہم تصاویر لینے والی آمنہ کا اصرار ہے کہ یہ شرمیلی لڑکی اپنے گاؤں میں رہتی ہے اور حقیقت میں تصاویر سے زیادہ خوبصورت ہے ۔