لاہور،کراچی (سپیشل رپورٹر،کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، نمائندگان) لاہور پولیس نے چینی کے بڑے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین تاجروں کو حراست میں لے لیا ۔بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے چھاپے مار کر چینی کے دو ڈیلرز شاہد اور ماجد کو حراست میں لے لیا۔ شاہدرہ کے علاقے سے بھی چینی کے تاجر خرم کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران اہلکار حراست میں لیے گئے ڈیلروں کے گھروں سے ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے ۔پنجاب میں چینی ڈیلرز کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں چینی کی تھوک قیمتوں میں کمی ہونا شروع ہوگئی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی کی 50 کلوبوری کی قیمت 4 ہزار سے کم ہو کر 3600 روپے ہوگئی جب کہ پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی اور پرچون دکاندار 80 روپے فی کلو چینی فروخت کر رہے ہیں۔چینی ڈیلرز نے کارروائی کے خلاف لاہور کی اکبری منڈی میں احتجاج کرتے ہوئے کاروبار بند کئے رکھا ۔تاجروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے بعض ڈیلرز کو گزشتہ رات گھروں سے اٹھالیا گیا لہذا انہیں رہا کیا جائے ۔ادھر مسابقتی کمیشن نے چھاپہ مار کر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے آفس سے اہم ریکارڈ حاصل کر لیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن پر ملی بھگت سے آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافے کا الزام ہے ۔ کمیشن کے افسران نے کمپیوٹر سمیت اہم فائلیں اور اجلاسوں کی کارروائی بھی قبضے میں لے لی جبکہ دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن ذرائع نے کہا کہ حالیہ دنوں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی اور اس کے حوالے سے مختلف اخبارات میں دیئے جانے والے اشتہارات کے حوالے سے مسابقتی کمیشن نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ، کمیشن کے ارکان نے سیکرٹری سے ریکارڈ طلب کیا جو کہ انہیں پیش کیا گیا جس میں خط و کتاب اور مختلف اجلاسوں کی فائل تھی جو کہ ساتھ لے گئے اس کے علاوہ کمیشن نے اور کوئی فائل طلب نہیں کی ۔فلور ملز ایسوسی ایشن کو ساڑھے 7کروڑ روپے جرمانہ کیا،فلور ملز ایسوسی ایشن پر ملی بھگت سے آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافے کا الزام ہے ۔علاوہ ازیں الہ آباد،تلونڈی ، ارزانی پور ،شامکوٹ ،موڑ ایمن آباد کی غلہ منڈی،ریلوے پھاٹک،تھانہ سٹی پسرور کے علاقہ شاہ ببن گیٹ ،حاجیاں والا موڑ گگومنڈی میں اسسٹنٹ کمشنرز نے چھاپے مارکر 5ہزارچینی ،150 دال،533بوریاں اشیائے ضروریہ برآمدکرکے گودام سیل کردیئے ۔ادھر کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن ( کے ڈبلیو جی اے ) کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید، چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے ایک بیان میں کہاکہ مختلف اقسام کی دالوں کی قیمتوں میں10روپے سے 20روپے فی کلو کمی آئی جس کے بعد ریٹیل کی سطح پر صارفین کو کم قیمت پر دالوں کی خریداری میسر آئے گی۔