ملتان،رحیم یارخان،خان پور،لاہور (سٹاف رپورٹر،خصوصی رپورٹر،سٹی رپورٹر،نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،نیوزرپورٹر) کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس جیٹھہ بٹھہ سٹیشن کے قریب مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق شالیمار ایکسپریس کانٹا تبدیل ہوجانے کے باعث سامنے سے آنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں مال گاڑی کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ، سہہ پہر چار بج کر 10 منٹ پر جیٹھہ بھٹہ اسٹیشن پر ہونے والے حادثے میں ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے ۔حادثہ کے بعد بچے اور خواتین گرمی کی شدت سے بے ہوش ہو گئیں، اپ اینڈ ڈاؤن کے ٹریکس پر ریل گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن شعیب عادل دیگر ڈویژنل افسران کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا - ریلوے ترجمان کے مطابق شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی حادثہ پر سی ای او ریلوے دوست علی لغاری نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ افسران حادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ سی ای او کو اڑتالیس گھنٹے میں پیش کریں گے ۔ حادثے کے بعد سی ای او ریلوے نے ڈی ٹی او ملتان اور ڈی ایس سی ملتان کو فوری طور پر معطل کرکے انکوائری اور قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ پاکستان ریلوے کی کراچی سے لاہور آنے والی شالیمار ایکسپریس(27UP)گزشتہ روزسہ پہر 4بجکر 10منٹ پر جھیٹہ بھٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب502ڈاؤن مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔