راولپنڈی ،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،صباح نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئر لائن ایئر بلیو کو 6بین الاقوامی خصوصی پروازیں آپریٹ کرنیکی اجازت دیدی۔بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر بلیو کو بین الاقوامی 6خصوصی پروازیں آپریٹ کرنیکی اجازت دی ۔ ایئر بلیو اپنی 6خصوصی پروازیں، شارجہ اور ابوظہبی کیلئے آپریٹ کریگی، مجموعی طور پر 6پروازوں کے ذریعے 1ہزار سے زائد ہم وطنوں کو پاکستان پہنچایاجائے گا۔ ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترک ایئرلائن کو دس خصوصی پروازیں شروع کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔سی اے اے کے شبعہ ائیر ٹرانسپورٹ نے اجازت نامہ جاری کردیا،ترک ائیر لائن کل سے پاکستان کیلئے آپریشن شروع کررہی ہے ، چار پروازیں اسلام آباد، 3،3 لاہور اور کراچی کیلئے آپریٹ ہونگی۔دوسری جانب غیرملکی ایئرلائن کا پاکستان کیلئے دوبارہ فلائٹ آپریشن شروع کر نے کا فیصلہ سامنے آیاہے ۔اس ضمن میں ایئرعربیہ نے سی اے اے کو خط لکھاہے کورونا کے باعث ایئرعربیہ نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور معطل کردیا تھا ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے بین الاقوامی آپریشن کی اجازت کے بعد غیرملکی ایئرلائنز پاکستان کیلئے اپنے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر رہی ہیں۔