اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک ترک کسٹمز تعاون سے ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی چوری کا سدباب ہوگا۔ کارگو کی کلیئرنس تیز تر ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بشمول ٹرانزٹ تجارت کو فروغ ملے گا، ترجمان ایف بی آر نے اتوارکو یہاں جاری بیان میں کہاہے کہ ترکی اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے درمیان کسٹمزکے امورمیں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی دستاویزپر دستخط سے پاکستان اورترکی اشیاء اور کارگو کی بین الاقوامی نقل وحرکت سے متعلقہ معلومات اور دستاویزات کا الیکٹرانک طریقے سے تبادلہ کرینگے ۔ ترجمان ایف بی آر نے کہاہے کہ فریقین کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پردستخط ترکی کے صدررجب طیب اردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہوئے ۔ ترکی کی جانب سے وزیر تجارت اور پاکستان کی طرف سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر حفیظ شیخ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ ترجمان کے مطابق مفاہمت کی یادداشت کا مسودہ ترکی کی طرف سے موصول ہوا جس کو تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔ یہ مفاہمت کی یادداشت پاکستان اور ترکی کے درمیان کسٹمز تعاون پر ہونے والے سال2002کے معاہدے کے تسلسل کا نتیجہ ہے ۔ دونوں ممالک کسٹمز سے متعلقہ معاملات پر تعاون کو فروغ دیں گے ۔ درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ آپریشنز سے متعلق تمام معلومات کا تبادلہ کیا جائیگا۔ترجمان نے کہاکہ مفاہمت کی دستاویز کے تحت سمگل شدہ اشیاء کیخلاف اور کسٹمز سزاؤ ں پر تعاون کیا جائیگا۔یادداشت کے تحت ایک مشترکہ تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ مفاہمت کی یادداشت پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جاسکے ۔