لاہور،اوکاڑہ،دیپالپور ، کرمانوالہ ،گگومنڈی (کرائم رپورٹر ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگاران ) مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران میاں بیوی اور وکیل سمیت 8افراد جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ریاض احمد اپنی بیوی رانی بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر جی ٹی روڈ پر رینا لہ خورد سے اوکاڑہ آرہا تھاکہ پنجاب کالج کے قریب اچانک تیز رفتار کا ر نے بے قابو ہوکر موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ،کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ اوکاڑہ ہی کا شیخ محمد سرور جاوی ایڈووکیٹ ،محمد یونس اور محمد حسین کیساتھ کار پر سوار ہوکر لاہور ہائی کورٹ جارہا تھا کہ اخترآباد کے قریب تیز رفتارمسافر وین سے ان کی کار کا تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ۔ اوکاڑہ، دیپالپور بارز آج سوگ میں بند رہیں گی ۔گگومنڈی کے نواحی گاؤں209۔ای بی کے رہائشی عباس بھٹی کی حادثے میں زخمی دوسری بیوی فوزیہ بی بی بھی ہسپتال میں چل بسی ۔ بورے والا کے نواحی گاؤں 142ای بی کا رہائشی ریٹائرڈ پولیس کانسٹیبل عبدالمجید جو پٹرول پمپ پر بطور گن مین ملازم تھا اپنی ڈیوٹی ختم کرکے اپنی موٹرسائیکل پر گھر واپس جارہا تھا کہ تیز رفتار بس نے کچل دیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔ مجاہد کالونی پر دوموٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے بچہ محمد عادل زخمی ہو گیا ۔ ہنجروال کا رہائشی سلیمان مظہر گھر واپس جا رہا تھا کہ رائیونڈ روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے اسے کچل دیا اور وہ مو قع پر ہی دم تو ڑ گیا ۔مقا می لو گو ں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔