کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں7روز سے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور منگل کو کے ایس ای100انڈیکس 160.20پوائنٹس کی کمی سے 33476.62پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 62.62 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 27 ارب 31 کروڑ 57لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 12.52فیصدکم رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 33876.62پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعدازاں سرمایہ کار فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے متوقع فیصلے کے حوالے سے متضاد اطلاعات اور سیاسی بے یقینی کی صورتحال کے باعث حصص فروخت کرنے لگے جس سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس33409پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں ریکوری بھی آئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 160.20پوائنٹس کی کمی سے 33476.62 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 80.02ائنٹس کی کمی سے 15735.70 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس ۔390.35پوائنٹس کمی سے 53469.60پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈ یکس 97.51پوائنٹس کمی سے 24150.71پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر 388کمپنیو ں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 130 کمپنیوں کے حصص کے بھاومیں اضافہ243کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں کمی جبکہ15کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں استحکام رہا۔ادھرانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں8پیسے کی کمی ہوئی جس سے امریکی ڈالر کی قیمت خرید156.52روپے سے گھٹ کر 156.44روپے اورقیمت فروخت156.62روپے سے گھٹ کر156.54روپے ہوگئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں30پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 156.40روپے سے گھٹ کر156.10روپے اور قیمت فروخت156.90روپے سے گھٹ کر 156.60 روپے ہو گئی۔ دوسری طرف صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں200روپے اور10گرام قیمت میں 171 روپے کا اضافہ ہوا جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت 87400روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 74931روپے ہوگئی البتہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1050.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت 900.00 روپے پرمستحکم رہی۔