اسلام آباد،کوئٹہ،جندول( سٹاف رپورٹر، نمائندہ 92نیوز،آن لائن)سیاسی و مذہبی شخصیات کو دہشت گردی کانشانہ بنایاجاسکتاہے ،نیکٹانے لیٹرجاری کردیا،نیکٹاکے خط کے مطابق تحریک طالبان دیگر تنظیموں سے مل کرکوئٹہ اورپشاورمیں ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کررہی ہیں،دہشتگردتنظیموں نے اعلی سیاسی شخصیات کوقتل کرنے کابھی منصوبہ بنایاہے ، خودکش حملے اوربم دھماکے بھی کرائے جاسکتے ہیں،بلوچستان کے علاقے سے برآمدہونے والابارودی موادکوئٹہ،کے پی میں استعمال ہونے کاخدشہ تھا،چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان،آزادکشمیرکے چیف سیکرٹریز کو اقدامات بارے آگاہ کردیاگیا۔نیکٹا نے کوئٹہ اور خیبرپختونخوا میں سخت سکیورٹی اقدامات کی سفارش کی ہے ، یاد رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اگلا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں شیڈول ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔ دوسری جانب بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے ،سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قمردین کاریزمیں کالعدم تحریک طالبان کے کارندوں اور بارودی مواد کے ذخیرہ کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا ،سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق قبضہ میں لیا گیا بارودی مواد ممکنہ طور پربلوچستان کے علاقے ژوب اورکوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے استعمال ہونا تھا،یہ بارودی مواد حال ہی میں افغانستان سے پاکستان منتقل کیا گیا،برآمد کیے گئے بارودی موادمیں 6 سے 8 کلوگرام وزنی 8 تیار بارودی سرنگیں شامل تھیں۔جندول کی تحصیل میدان میں دہشت گردی کا ایک اور منصوبہ ناکام بنا دیاگیا،سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بارودی مواد برآمد کرلیا،سکیورٹی فورسز،سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس نے خفیہ اطلاع پر گائوں گورجئی میدان میں کارروائی کرتے ہوئے پریشر ککر میں نصب بم،خالی ککر،میگنیٹک آئی ڈی،28عدد ڈیٹونیٹر،تین عدد ایس ایم جی،دو عدد مائنز،پاورسپلائی ریموٹ،ریموٹ آئی ڈی سیل اور پرائما کارڈ برآمد کرلیا۔