اسلام آباد، راولپنڈی ،تربت،چمن ، فیصل آباد (سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، خصوصی رپورٹر)فورسز کا کیچ میں کلیئرنس آپریشن، 2انتہائی مطلوب دہشتگرد وں سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ چمن لیویزچیک پوسٹ پربم دھماکہ میں 2لیویزاہلکار سمیت 6افرادزخمی ہو گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے کیچ میں کلیئرنس آپریشن کیا جس میں 3دہشتگرد مارے گئے جن میں پنجگور واقعہ کے تناظر میں بلگتر میں 2انتہائی مطلوب دہشتگرد بھی مارے گئے ۔تینوں دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے ۔ہلاک دہشتگردوں میں سمیر عرف بحر،الطاف عرف لالک اور پھیلن بلوچ شامل ہیں۔ہلاک دہشتگرد بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ ، گولہ وبارود کا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا۔ دریں اثناروغانی روڈلیول کراس لیویزچیک پوسٹ پربم دھماکہ ہوگیا،دھماکے میں2لیویزاہلکار،راہگیربچے سمیت 6افرادزخمی ہوگئے ،زخمیوں کوفوری طورپرچمن سول ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے کردہشتگردوں کی تلاش شروع کردی،نامعلوم دہشتگردوں نے بم دھماکے کے ذریعے لیویزچوکی کونشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقہ نوشکی میں شہید ہونے والے کیپٹن بلال خلیل کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فیصل آباد میں سپردخاک کر دیا گیا۔بلوچستان میں دوران ڈیوٹی دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن بلال کی نماز جنازہ فیصل آباد میں قائم سائیں جناز گاہ میں ادا کی گئی،۔نماز جنازہ میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔علاقہ نعرہ تکبیر اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا،شہید کیپٹن بلال کی مکمل اعزاز کے ساتھ قائم سائیں قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ شہیدنے سوگواران میں والد، دو بھائی اور ایک بہن چھوڑی ہے ۔شہید کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے سپوت کی وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے پر فخر ہے ۔