کولمبو،اسلام آباد( آن لائن ،سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہمارا واحد اختلاف مسئلہ کشمیر ہے ،جنگ مسائل کا حل نہیں اس سے مزید تنازعات جنم لیتے ہیں جب تک مسائل سے نہیں نکلیں گی خوشحالی نہیں آئے گی،برصغیر میں عوام کو غربت سے نکالنے کا واحد راستہ تجارتی تعلقات کا قیام ہے ۔ بدھ کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پہلی پاکستان سری لنکا تجارتی و سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کی سیاحت بہت متاثر ہوئی ، میرا سیاست میں آنے کا مقصدغربت کا خاتمہ ہے ، شوکت خانم کینسرہسپتال غریبوں کے لئے ہی بنایا، اقتدار میں آنے کے بعد بھارت کو ڈائیلاگ کی پیشکش کی لیکن بات نہیں بنی ،وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ہمیں اشیائے خور دو نوش کی مہنگائی کے مسئلے کا سامنا ہے ، سری لنکن کے صدر نے اپنے دورہ چین کے تجربات سے آگاہ کیا کہ انہوں نے وہاں فارمز کا دورہ کیا اور انہیں معلوم ہوا کہ کس طرح وہاں ہول سیل اور ریٹیل کے فرق کو کم کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امر یکہ اور چین کے درمیان بڑھتی خلیج دور کرانے میں پاکستان اپنا کردار ادا کر سکتا ہے ،یورپی یونین کی طرز پر خطے میں تجارتی تعلقات استوار کرنا ہوں گے ،وزیراعظم نے سری لنکا کی بزنس کمیونٹی کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، کولمبو ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس میں سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسا نے بھی شرکت کی، دونوں رہنمائوں کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے ۔دریں اثنا وزیراعظم نے سری لنکا کے ہائی پرفارمنس سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا،سپورٹس کمپلیکس عمران خان کے نام سے منسوب کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل زندگی میں جدوجہد کرنا سکھاتا ہے ، کامیاب وہی ہے جو شکست سے سبق حاصل کرتا ہے ، کھیل کے میدان کے چیمپئن زندگی میں شکست نہیں کھاتے ، بڑے خواب جیت کی جانب گامزن کرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات کی،پاکستانی بزنس کمیونٹی نے وزیراعظم کے دورہ سری لنکا کو سراہا ،بزنس کمیونٹی نے کہادونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، بزنس کمیونٹی نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ کولمبو،اسلام آباد (92 نیوز رپورٹ ،سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر پاک سری لنکا 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ دونوں ممالک نے مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سری لنکاپاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی تشکیل نوپر بھی اتفاق کیا گیا،وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کو50ملین ڈالرڈیفنس کریڈٹ لائن کی نئی سہولت دینے کااعلان کردیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کا مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے پاکستان کی طرف سے حمایت کا اعادہ کیا ،پاکستان کی جانب سے 100 وظائف (ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس) کا اعلان کیا گیا ،پاکستان نے ایشیائی تہذیب و تمدن ثقافتی مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ،دونوں ممالک نے سیاحت، تجارت، ثقافت اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے ،آزادانہ تجارتی معاہدے کو وسعت دینے کے لئے اتفاق کیا ۔دریں اثناوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بزنس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ ہمارے دو طرفہ تعلقات بہت اچھے رہے ہیں اب ہم معاشی سلامتی کی طرف توجہ مرکوز کر رہے ہیں تو ہم سری لنکا کے ساتھ معاشی بنیاد کو وسعت دیں گے ۔علاوا زیں سری لنکن انٹرنیشنل سینٹربرائے کیمیکل اورکراچی یونیورسٹی میں تعاون کی یادداشت پردستخط ہوگئے ،